وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر پہنچ کر شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے لیے دعائیں کیں۔
وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے وطن کی حفاظت کے لیے ہمت اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی اور پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ مانسہرہ میں شہید کے نام سے دانش اسکول بھی قائم کیا جائے گا تاکہ ان کی یاد اور قربانی ہمیشہ زندہ رہے۔
اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ, انجینئیر امیر مقام, سردار محمد یوسف, مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ, کیپٹن (ر) محمد صفدر, مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہل خانہ کا ہر ممکن خیال رکھیں گے اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔