وزیراعلیٰ پنجاب کا ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح، خواتین کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمعرات کو ای ٹیکسی اسکیم کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

اسکیم کے پہلے مرحلے میں 1,100 الیکٹرک ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی، جن میں خواتین ڈرائیورز کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی ٹیکسیوں کو منفرد رنگ دیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرے گی بلکہ ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اب بلاخوف کام کریں، ان کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور خواتین کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک الیکٹرک ٹیکسی ایک بار چارج کرنے پر 300 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے اور اس کی قیمت 44 لاکھ سے 85 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ حکومت نے 1,100 گاڑیوں کے لیے 4 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، جبکہ درخواست دہندگان 6 لاکھ 90 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ گاڑی حاصل کر سکتے ہیں۔ مردوں کو 50 فیصد اور خواتین کو 60 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ گرین بس منصوبہ کامیابی سے جاری ہے اور رواں سال 1,500 مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میٹرو منصوبے کا افتتاح اپریل میں ہوگا جبکہ گوجرانوالہ میٹرو پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے لاہور میں ٹریک لیس ٹرین منصوبہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ اس سال سموگ پر مؤثر کنٹرول کیا گیا اور کسی تعلیمی ادارے کو بند نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے رمضان ریلیف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 42 لاکھ خاندانوں کو 10 ہزار روپے فی خاندان فراہم کیے گئے، جس سے تقریباً ڈھائی کروڑ افراد مستفید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور کوئی بھی شہری بھوکا نہیں سوئے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US