بھارت کی ریاست بہار میں شادی کی ایک تقریب اس وقت خوفناک واقعے میں تبدیل ہوگئی جب دلہن کے مبینہ بوائے فرینڈ نے اسٹیج پر چڑھ کر اسے گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔ دلہن کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیاجبکہ پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ریاست بہار میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ بتایا گیا ہے کہ دلہا اور دلہن اسٹیج پر موجود تھے اور پھولوں کے ہار پہنانے کی رسم ادا کی جارہی تھی کہ اسی دوران مہمانوں میں شامل دلہن آرتی کماری کا مبینہ بوائے فرینڈ اسٹیج کے قریب پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق ملزم نے اچانک دلہن پر فائرنگ کردی جس سے وہ اسٹیج پر گر پڑی۔ فائرنگ کے بعد تقریب میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیج پر گرنے کے بعد دلہن ہوش میں تھی، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت دین بندھو کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔