روس نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کو جارحیت قرار دے دیا

image

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں روس نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کو جارحیت قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

سلامتی کونسل میں روسی مندوب نے کہا کہ ایران پر حملہ کر کے اس کی کمر میں چھرا گھونپا گیا ہے اور تہران کے خلاف امریکی الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ (آئی اے ای اے) نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے عراق جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت بھی بے بنیاد دعوؤں کی بنیاد پر کارروائی کی گئی تھی۔

روسی مندوب نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ یورپی ممالک اس کی مذمت نہیں کر رہے۔ ان کے مطابق ایران کے معاملے پر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب سلامتی کونسل میں فرانس نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کو اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے ۔ فرانسیسی مندوب نے خطے کے ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں عدم استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے اور اسے اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مذاکرات کرنے چاہئیں۔

اجلاس کے دوران چینی مندوب نے بھی شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ کشیدگی فوری طور پر ختم کر کے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US