وزیر اعظم سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

image

وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور اہم داخلی اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو روم، اٹلی میں منعقدہ چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، اسپین اور یونان کے وزرائے داخلہ شریک ہوئے۔

وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزرائے داخلہ اجلاس کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرائے داخلہ نے شرکت کی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی ورک پرمٹس کے جلد اجرا پر اتفاق کیا۔ رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی سفر کرنے والوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 47 فیصد کمی اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

مزید بتایا گیا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کرنے پر آمادہ ہیں۔ پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت میں بہتری کے لیے جلد یورپی یونین کو جامع پلان پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے متعلقہ اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US