ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور امریکا نے اسلامی جمہوریہ میں رجیم چینج کی کوشش کی تو اسرائیل کے جوہری مرکز دیمونا کو براہِ راست نشانہ بنایا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک نیم سرکاری ایرانی خبر ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک اعلیٰ ایرانی فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی مداخلت یا حکومت گرانے کی کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دے گا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق اگر ایران کے خلاف ایسی کوئی کارروائی کی گئی تو دیمونا نیوکلیئر ری ایکٹر ممکنہ اہداف میں سرفہرست ہوگا۔
عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ تہران کے پاس ایسے حساس اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا دائرہ کار پورے خطے تک پھیل سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور نظام کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔