چین کے وسطی صوبے ہونان میں ایک شخص اس وقت حیران رہ گیا جب بطخ پکانے سے قبل صفائی کے دوران اس کے معدے سے سونے کے ذرات برآمد ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صوبہ ہونان کے علاقے لانگ ہوئی (Longhui) سے تعلق رکھنے والے شخص کے کھانے کے مینیو میں بطخ شامل تھی۔ بطخ کی صفائی کرتے وقت اس نے پرندے کے معدے میں چمکدار ذرات دیکھے جنہیں بعد میں جانچ کے لیے بھیجا گیا۔
معائنے کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ ذرات دراصل خالص سونا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بطخ کے معدے سے مجموعی طور پر تقریباً 10 گرام سونا برآمد ہوا جس کی مالیت تقریباً 12 ہزار یوان بنتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 4 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد کے برابر ہے۔
لیو کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک یہ واقعہ نئے چینی سال کے موقع پر خوش قسمتی کی علامت ہے۔
لیو کے مطابق اس نے اس بطخ کو ایک دریا کے کنارے پالا تھا جہاں ماضی میں سونے کی کان موجود تھی۔ اس کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر بطخ نے مٹی کے ساتھ سونے کے ذرات نگل لیے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطخ کا جسم سونے کو ہضم یا جذب نہیں کر سکا جس کے باعث یہ ذرات آنتوں میں جمع ہو گئے۔
لیو نے بتایا کہ ماضی میں بھی ان کے گاؤں میں لوگوں کو بطخوں کے اندر سونے کے ذرات ملنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم اتنی بڑی مقدار میں سونا ملنا غیر معمولی بات ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اس علاقے سے گزرنے والے دریا میں ماضی میں سونا نکالا جاتا تھا اور لوگ دریا میں اس کی تلاش بھی کرتے تھے، تاہم بعد ازاں حکومت نے سونے کی تلاش پر پابندی عائد کر دی۔ اس کے باوجود کبھی کبھار بطخوں کے معدے سے سونے کے ذرات ملنے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔