ایران کے دارالحکومت تہران میں تیل کی تنصیبات پر شدید بمباری کے بعد فضا میں پھیلنے والے سیاہ دھوئیں کے باعث بارش کا پانی سیاہ اور چکنائی والا ہو گیا ہے، جس پر حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران اور اس کے گردونواح میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ ہفتے کی رات ہونے والی شدید بمباری کے نتیجے میں تیل کی تنصیبات سے اٹھنے والے گہرے سیاہ دھوئیں نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دھوئیں کے گھنے بادلوں کے باعث تہران کے آسمان پر دن کے وقت بھی رات کا سماں رہا اور شہریوں کو گاڑیاں چلاتے وقت ہیڈلائٹس جلانا پڑیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق تہران میں ہونے والی حالیہ بارش کا پانی سیاہ اور چکنائی سے آلودہ ہو گیا ہے، جس نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
ایرانی ہلالِ احمر نے خبردار کیا ہے کہ فضا میں ہائیڈروکاربن، سلفر اور نائٹروجن آکسائیڈز کی موجودگی کے باعث یہ تیزابی بارش انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق ایسی بارش سے جلد جلنے اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکام نے شہریوں کو سانس کی بیماریوں اور دیگر طبی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے گھروں کے اندر رہنے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔