میدان اُحد کی وہ خوبصورت مسجد جہاں نبی کریم ﷺ نے صحتیابی کے بعد نماز ادا کی

image

مدینہ منورہ کے تاریخی میدان اُحد میں ایک ایسا متبرک مقام موجود ہے جہاں نبی کریم ﷺ نے جنگ اُحد کے بعد صحتیابی حاصل کرنے پر نماز ادا کی تھی۔ یہ تاریخی مسجد، جسے مسجد الفسح یا مسجد اُحد کہا جاتا ہے، اسلامی تاریخ میں ایک خاص اہمیت رکھتی ہے اور زائرین کی توجہ کا مرکز ہے۔

مدینہ منورہ مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس شہر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شہر کی فضائیں آج بھی نبی مکرم ﷺ کی یاد سے معطر محسوس ہوتی ہیں اور اس کے مختلف مقامات آپ ﷺ کے نقشِ قدم کی گواہی دیتے ہیں۔

میدان اُحد بھی اسلامی تاریخ کا ایک اہم مقام ہے جہاں جنگ اُحد پیش آئی تھی۔ اسی میدان میں ایک متبرک جگہ مسجد کی صورت میں موجود ہے جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ نے جنگ کے بعد صحتیابی حاصل ہونے پر نماز ادا کی تھی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تاریخی مسجد کو مسجد الفسح کہا جاتا ہے جبکہ اسے مسجد اُحد کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ مسجد کوہ اُحد کی شمالی ڈھلوان پر واقع ہے اور اس کی تاریخی اہمیت جنگ اُحد کے بعد پیش آنے والے واقعات سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔

روایات کے مطابق جنگ اُحد کے دوران نبی کریم ﷺ کے جسم مبارک پر لگنے والے زخم کسی حد تک مندمل ہونے کے بعد آپ ﷺ نے اسی مقام پر نماز ادا فرمائی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جگہ مسلمانوں کے لیے ایک روحانی اور تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔

تقریباً پندرہ صدیاں گزرنے کے باوجود اس مسجد اور اس کے اطراف کے مقامات کو اسلامی تاریخ میں اہمیت کے باعث محفوظ رکھا گیا ہے۔ وقت کے ساتھ یہاں مختلف تعمیراتی تبدیلیاں بھی کی گئیں، تاہم اس مقام کی تاریخی شناخت برقرار رکھی گئی ہے۔

مدینہ منورہ آنے والے زائرین جب میدان اُحد کی زیارت کے لیے جاتے ہیں تو وہ اس مسجد کا رخ بھی کرتے ہیں، جہاں وہ نہ صرف زیارت کرتے ہیں بلکہ نفل نماز ادا کرکے اس تاریخی اور روحانی مقام کی برکتیں سمیٹتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US