بھارت کی ریاست بہار کے ضلع روہتاس میں چپڑاسی کی بھرتی کے امتحان کے لیے جاری ایڈمٹ کارڈ پر ایک امیدوار کی تصویر کی بجائے کتے کی تصویر چھپنے سے تنازع کھڑا ہو گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 15 مارچ کو ہونے والے امتحان کے ایڈمٹ کارڈ پر امیدوار کا نام، رول نمبر اور دیگر تفصیلات درست ہیں لیکن امیدوار کی تصویر کی جگہ ایک کتے کی تصویر چھپی ہوئی ہے جس کے باعث امیدوار کو امتحان دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
امیدوار نے بتایا کہ اس نے 2022 میں بھرتی کے لیے درخواست دی تھی اور اس دوران متعدد بار بھرتی بورڈ سے شکایت کی لیکن ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا۔ وہ کہتا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ دیکھ کر دنگ رہ گیا کیونکہ درخواست دیتے وقت اس نے بالکل درست تصویر اپ لوڈ کی تھی اور اس کے پاس اس کا ثبوت بھی موجود ہے۔
امیدوار کا کہنا ہے کہ یہ غلطی بھرتی کے عمل اور آن لائن ایپلیکیشن سسٹم کی سنجیدگی پر سوالات اٹھاتی ہے۔ اس نے بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ وہ سکون سے امتحان دے سکے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔