مشرق وسطیٰ میں ایران کے حملوں سے امریکی تنصیبات کو بڑا نقصان پہنچا، نیویارک ٹائمز نے سیٹلائٹ تصاویر شائع کردیں۔
رپورٹ کے مطاق ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں سے امریکا کی 17 فوجی، سفارتی اور فضائی دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچا، ایران نے خلیجی ممالک پر 3 ہزار 133 سے زائد حملے کیے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں، سفارتخانوں اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں بعض مقامات پر امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں، کئی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیویارک ٹائمز پر تنقید، ایران کے خلاف کارروائیوں کا دعویٰ
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس “ناکام اخبار” کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے امریکا جنگ نہیں جیت رہا، حالانکہ امریکا ایران کو فوجی، معاشی اور دیگر شعبوں میں مکمل طور پر تباہ کر رہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کی فوجی صلاحیتوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے اور ایران کی نیوی اور فضائیہ تقریباً ختم ہو چکی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل، ڈرونز اور دیگر ہتھیار تباہ کیے جا رہے ہیں جبکہ ایران کی قیادت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس بے مثال فوجی طاقت اور لامحدود اسلحہ موجود ہے اور ایران گزشتہ 47 برسوں سے دنیا بھر میں معصوم لوگوں کو قتل کر رہا ہے۔