پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں خراب کارکردگی پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو جرمانہ کیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر پانے کے بعد میڈیا میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بورڈ نے کھلاڑیوں پر خراب کارکردگی کے باعث 50 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا ہے۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی کھلاڑی کو جرمانہ نہیں کیا گیا، تاہم پی سی بی اس بات پر غور کر رہا ہے کہ مستقبل میں ایسا نظام متعارف کرایا جائے جس کے تحت اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مالی فائدہ جبکہ ناقص کارکردگی پر مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم موجودہ دور میں کھلاڑی مختلف لیگز اور معاہدوں کے ذریعے چھ سے سات کروڑ روپے تک آمدنی حاصل کر لیتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی کارکردگی کی ذمہ داری بھی لینا ہوگی۔