افغانستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی جائز، بھارتی تنقید بے بنیاد قرار

image

پاکستان نے افغانستان کے اندر شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کو جائز قرار دیتے ہوئے بھارت کی تنقید کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کے بیانات مضحکہ خیز اور بلاجواز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم شدت پسند گروہوں میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ان گروہوں کو بھارت کی جانب سے فعال حمایت اور سرپرستی حاصل ہونے کی بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اپنے مبینہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی تباہی پر بھارت کی مایوسی اس کے بیانات سے واضح ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارت پر انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بار بار خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کے اقدامات کا حوالہ دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا نظریے کے زیر اثر بھارت میں اقلیتوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جا رہا ہے اور پانی کو بھی معاہدوں کے برعکس بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے میں کردار ادا کرتا رہا ہے، اس لیے اسے اس قسم کے بیانات دینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ملکی دفاع کے لیے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہر ضروری قدم اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US