پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور فلاح کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے اجلاس میں خصوصی بچوں کی نشاندہی اور ان کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر رینڈم سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سماعت سے محروم بچوں کو معیاری ہیئرنگ ڈیوائسز کی فراہمی اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران خصوصی بچوں کے لیے جدید اور معیاری تعلیم کے فروغ، بحالی کے نظام میں بہتری اور جامع اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کے روشن اور خودمختار مستقبل کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے کہا کہ آٹزم کی تشخیص، تعلیم اور بحالی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے جبکہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں خصوصی بچوں کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی بچوں تک تعلیمی سہولیات کی بروقت اور مساوی رسائی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور درست اعداد و شمار حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جبکہ ہر خصوصی بچے کو معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کے عزم کا حصہ ہے۔