دیر بالا میں ہیضے کی وباء، 3 ہزار سے زائد افراد متاثر، محکمہ صحت الرٹ

image

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں ہیضے کی وباء نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی جہاں مختلف علاقوں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص میں ہزاروں افراد بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال دیر بالا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 600 مریضوں کو اسپتال لایا گیا جس کے باعث اسپتال میں گنجائش کم پڑ گئی ہے۔

ایم ایس کا کہنا ہے کہ بعض مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں بہتر علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا مریضوں سے بھر چکا ہے۔

ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی ہیں۔ پبلک ہیلتھ کی ٹیمیں پینے کے پانی کے نمونوں کی جانچ، صاف پانی کی فراہمی اور وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات میں مصروف ہیں۔

ماہرین صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف صاف اور ابلا ہوا پانی استعمال کریں، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US