وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ کشیدہ حالات کے حوالے سے حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری تیاریاں پوری تندہی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حج پروازوں کے حتمی شیڈول کا اعلان عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا، اور عازمین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔
وزارت نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
حکومت پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ حج 2026 کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔