گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کے عظیم رہنماؤں کی جدوجہد نے پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور صوبے کے ہر شہری کی خدمت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ خبر اور پروپیگنڈا میں واضح فرق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذات پر تنقید قابلِ قبول ہے لیکن پاکستان یا صوبے کے خلاف باتوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ عہدہ چھوڑنے سے پہلے مثبت اور نمایاں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے انہیں عوامی خدمت کا درس دیا اور ملک بھر میں سڑکوں کا وسیع جال بچھایا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وہ نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہیں اور گورنر ہاؤس کے تمام معاملات کا مکمل آڈٹ کرایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کی کلاسز، جو پہلے متاثر ہوگئی تھیں، دوبارہ بحال کی جائیں گی اور باقاعدہ سرٹیفکیشن سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ان کلاسز کا دوبارہ آغاز عید کے بعد شاندار انداز میں کیا جائے گا۔
نہال ہاشمی نے اعلان کیا کہ سندھ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا جبکہ گورنر ہاؤس میں سحری اور افطار کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر جاری رہے گا اور نواز شریف کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان، پھر سیاسی جماعت۔