میہڑ میں خستہ حال اسکول کی چھت گرنے سے 10 سے زائد طلبہ زخمی

image

سندھ کے ضلع دادو کے علاقے میہڑ میں خستہ حال گرلز پرائمری اسکول کی چھت کے چاپڑ گرنے سے 10 سے زائد طلبہ زخمی ہوگئے۔

واقعہ میہڑ کے نواحی گاؤں سانول کرٹیو میں پیش آیا، جہاں گرلز پرائمری اسکول کی بوسیدہ عمارت کی چھت کا ایک حصہ اچانک گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں اسکول میں موجود متعدد طلبہ زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی طلبہ کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں عائشہ، رحمت، دعا، زویا، ایان علی سمیت دیگر طلبہ شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھی، تاہم اس کے باوجود طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ جاری تھا۔ چھت کا حصہ گرنے سے طلبہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال اسکول کی عمارت کی فوری مرمت یا نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US