’انڈیا بُلبلے پر فلم بنا رہا ہے؟‘: عمران ہاشمی، محمود صاحب کا کردار اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی حیرت

یہاں انڈین اداکار محمود کا ذکر چھیڑنے کی وجہ دراصل اداکار عمران ہاشمی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ ہے، جس پر پاکستانیوں کی بھی ایک بڑی تعداد تبصرے کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

’ایک چتر نار کر کے سنگھار، میرے من کے دوار میں گھست جات۔‘

یہ گانا انڈین فلم پڑوسن کا ہے، جو سنہ 1968 میں ریلیز ہوئی تھی۔ شاید یہ فلم کسی کو یاد نہ ہو لیکن یہ گانا ضرور یاد ہوگا، جس کی ویڈیو میں سنیل دت، سائرہ بانو، کشور کمار اور محمود ہیں۔

پڑوسن میں محمود نے سائرہ بانو کے موسیقی کے ایک استاد کا کردار نبھایا تھا اور اس فلم میں ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کا جنوبی انڈیا کے پنڈتوں جیسا حلیہ انھیں دیگر اداکاروں سے منفرد دکھاتا ہے۔

اور اگر کوئی محمود کو نہیں جانتا تو یقیناً اس نے گلوکار لکی علی کا نام ضرور سُن رکھا ہوگا، جنھوں نے 2000 کی دہائی میں بے شمار مشہور گانے گائے، وہ اداکار محمود کے ہی صاحبزادے ہیں۔

یہاں انڈین اداکار محمود کا ذکر چھیڑنے کی وجہ دراصل اداکار عمران ہاشمی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ ہے، جس پر پاکستانیوں کی بھی ایک بڑی تعداد تبصرے کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

Emraan Hashmi
Getty Images

عمران ہاشمی کی پوسٹ اور تبصرے

ہوا کچھ یوں کہ بالی وڈ سے یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ انڈیا کے مشہور زمانہ موسیقار آر ڈی برمن، جنھیں پنچم دا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی زندگی پر ایک فلم بنائی جا رہی ہے۔

ایسی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں کہ شاید اس فلم میں اداکار محمود کا کردار عمران ہاشمی ادا کریں گے۔

ان افواہوں پر وضاحت دینے کے لیے عمران ہاشمی سامنے آئے اور انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’میں یہ وضاحت کرنا چاہوں گا کہ ایک فلم میں میرے محمود صاحب کا کردار ادا کرنے سے متعلق اطلاعات سچ نہیں ہیں۔ نہ مجھ سے فلم کے لیے رابطہ کیا گیا ہے اور نہ ہی میں یہ کردار ادا کر رہا ہوں۔‘

انڈین اداکار محمود کے علاوہ ایک اور ’محمود صاحب‘ بھی ہیں جو پاکستان میں مشہور ہیں۔ یہ ہیں محمود اسلم، جو مزاحیہ ڈرامے ’بُلبلے‘ میں محمود صاحب کا کردار نبھاتے ہیں۔

اب کچھ پاکستانی صارفین یہ سمجھے کہ شاید عمران ہاشمی پاکستانی محمود صاحب کا کردار کرنے سے انکار کر رہے ہیں اور کچھ یوں ہی تفریح کے لیے انڈین اداکار محمود کو پاکستانی اداکار محمود اسلم سے جوڑتے رہے۔

مہوش نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’انڈیا بُلبلے پر فلم بنا رہا ہے؟ مومو کا کردار کون نبھائے گا؟‘

ایک اور صارف نے عمران ہاشمی کی پوسٹ پر لکھا: ’محمود صاحب کا کردا بُلبلے میں۔۔‘

کچھ صارفین تو ایسے بھی تھے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے عمران ہاشمی کو محمود اسلم کے حلیے میں دکھا بیٹھے۔

خیر اب یہاں یہ بات تو واضح ہو گئی کہ عمران ہاشمی کی ایکس پر موجود پوسٹ اور پاکستانی اداکار محمود اسلم کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔

اب اس آر ڈی برمن پر بننے والی فلم اور انڈین اداکار محمود پر کچھ بات کر لیتے ہیں۔

محمود کون ہیں؟

معروف کامیڈین محمود کو بمبئی فلم انڈسٹری میں ’بھائی جان‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور اداکار جیتندر ان کے شاگرد بتائے جاتے ہیں۔

جیتندر نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ سلمان خان سے قبل محمود ہی اصلی ’بھائی جان‘ ہوا کرتے تھے۔

ان کے موسیقار آر ڈی برمن سے قریبی تعلقات تھے۔

محمود سٹیج اور فلم اداکار ممتاز علی کے گھر بمبئی (آج ممبئی) میں 1930 کی دہائی میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اشوک کمار کی سپر ہٹ فلم ’قسمت‘ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کریئر کی شروعات کی۔

محمود نے بلراج ساہنی کی فلم ’دو بیگھہ زمین‘، دیوآنند کی فلم ’سی آئی ڈی‘ اور گرو دت کی فلم ’پیاسا‘ میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کیے۔

اس کے بعد انھوں نے اداکار اور فلمساز کے طور پر 1960 اور 1970 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کیا۔ اس دوران انھوں نے کئی ہٹ فلمیں دیں۔

امیتابھ بچن، آر ڈی برمن، ارونا ایرانی اور راجیش روشن کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات رہے۔ انھوں نے فلم ’بومبے ٹو گوا‘ بنا کر امیتابھ بچن کو اور ارونا ایرانی کو لیڈ رول دیا اور ان کے کریئر کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کہتے ہیں کہ ایک زمانے میں ان کی فیس بہت سے سرکردہ اداکاروں سے زیادہ تھی۔

ان کی یادگار فلموں میں سنیل دت، کشور کمار اور سائرہ بانو کے ساتھ فلم ’پڑوسن‘ انتہائی یادگار مانی جاتی ہے، جس میں انھوں نے جنوبی ہند کے موسیقی کے ماہر کا لازوال کردار ادا کیا ہے۔

Lucky Ali
Getty Images
ساری زندگی بالی وڈ میں کام کرنے والے محمود نے سات سمندر پار پینسلوانیا میں آخری سانسیں لیں اور 23 جولائی سنہ 2004 کو اس جہان کو الوداع کہا۔

محمود کو درجنوں فلموں میں بہترین کامیڈین کا کردار ادا کرنے کے لیے ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔ انھوں نے ’پیار کیے جا‘، ’وارث‘، ’پارس‘ اور ’وردان‘ جیسی فلموں میں اپنے کردار کے لیے بہترین کامیڈین کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا۔

اس کے علاوہ ’دل تیرا دیوانہ‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوراڈ سے بھی انھیں نوازا گیا۔

ساری زندگی بالی وڈ میں کام کرنے والے محمود نے سات سمندر پار پینسلوانیا میں آخری سانسیں لیں اور 23 جولائی سنہ 2004 کو اس جہان کو الوداع کہا۔

آر ڈی برمن پر بننے والی فلم

آئندہ ماہ آر ڈی برمن پر بننے والی فلم کی تفصیل کے سامنے آنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اگرچہ اداکاروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے، تاہم اطلاعات کے مطابق اداکار اور فلمساز فرحان اختر فلم میں آر ڈی برمن کا کردار ادا کریں گے۔

اس فلم کے لیے ہدایت کاری کی خدمات نیرج پانڈے انجام دیں گے، جنھوں نے نصیر الدین شاہ اور انوپم کھیر کی فلم ’اے ونسڈے‘، اکشے کمار اور انوپم کھیر کی فلم ’بے بی‘ اور ’سپیشل 26‘ بھی بنائی تھی۔

معروف موسیقار ایس ڈی برمن کے بیٹے آر ڈی برمن کو میں ’پنچم دا‘ کے نام سےبھی جانا جاتا ہے اور ان کا شمار موسیقی کی دنیا کی سب سے بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔

حال ہی میں بالی وڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اکشے کمار فلم میں اپنے سسر اور معروف اداکار راجیش کھنہ کا کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ راجیش کھنہ اور آر ڈی برمن نے ایک ساتھ تین درجن سے زیادہ فلموں میں کام کیا، جن میں ’بہاروں کے سپنے‘، ’امر پریم‘، ’میرے جیون ساتھی‘، ’آپ کی قسم‘،’بنڈل باز‘ وغیرہ شامل ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US