صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے بغیر مضبوط، خوشحال اور پُرامن پاکستان کی تعمیر ممکن نہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جس کے باعث نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی بنیادی خواہشات ہیں، جبکہ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کو فروغ دینا سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت جیسی اقدار کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال عالمی یوم نوجوانان مختلف حالات، مشترکہ امنگیں کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں رہنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب اور خواہشات رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کام کر رہا ہے جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مزید فعال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور جذبۂ خدمتِ وطن کے ساتھ محنت جاری رکھیں کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی ملک کی پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔