حکومتِ پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 20 اور 21 مارچ 2026 کو عیدالفطر کے سلسلے میں تمام دفاتر بند رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر 20 مارچ بروز جمعہ اور 21 مارچ بروز ہفتہ کو ملک بھر میں سرکاری تعطیلات ہوں گی۔ یہ تعطیلات پانچ اور چھ روزہ ورکنگ ویک والے تمام سرکاری دفاتر پر لاگو ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں دنوں کے دوران ملک بھر کے سرکاری دفاتر بند رہیں گے تاکہ سرکاری ملازمین اور اہلکار عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشی اور سکون کے ساتھ منا سکیں۔
حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں اور سرکاری دفاتر کو ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ تعطیلات کے دوران ضروری انتظامات برقرار رکھے جائیں اور عوامی سہولت سے متعلق امور متاثر نہ ہوں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی عیدالفطر کے تہوار کو خوش اسلوبی سے منانے اور سرکاری ملازمین کو اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے یہ تعطیلات دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو اتوار کے باعث عام تعطیل ہوگی جبکہ 23 مارچ بروز پیر یومِ پاکستان کے موقع پر بھی ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس طرح سرکاری ملازمین کو جمعہ، ہفتہ، اتوار اور پیر کے روز مسلسل چار چھٹیاں میسر آئیں گی۔