رحیم یار خان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لینے کیلیے آنے والی خواتین پر دکان کی چھت گرنے کے واقعے میں جاں بحق خواتین کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمی مزید 3 خواتین دم توڑ گئیں جبکہ شیخ زید اسپتال میں 50 سے زائد زخمی خواتین زیرِ علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے دکان پر جمع تھیں کہ اسی دوران کمزور چھت وزن برداشت نہ کرسکی اور اچانک گرگئی۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور اور ڈی پی او عرفان علی سموں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور شیخ زید اسپتال میں زخمی خواتین کی عیادت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق زیادہ رش کے باعث کمزور چھت وزن برداشت نہ کرسکی، واقعے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔