رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر کراچی پولیس نے شہر بھر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایات پر سیکیورٹی پلان کے تحت کراچی رینج میں مجموعی طور پر 6000 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شہر بھر میں 2663 مساجد، 134 امام بارگاہوں اور 15 کھلے مقامات پر خصوصی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ تمام حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں اور عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری شبِ قدر کی عبادات اطمینان اور محفوظ ماحول میں ادا کر سکیں۔
پولیس چیف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا مددگار 15 پر دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔