بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائی، خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی لڑکی گرفتار

image

سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے مبینہ طور پر خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی ایک نوجوان لڑکی کو گرفتار کرلیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں وزیر داخلہ ضیا لانگو اور دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گرفتار ہونے والی لڑکی لائبہ کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران لائبہ نے بتایا کہ اسے خودکش مشن کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے خضدار میں کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ اس نے دیگر خواتین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی یا پرتشدد سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر بلوچ خواتین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدت پسند تنظیمیں معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور حساس معلومات کی بروقت فراہمی سے ایسی کارروائیوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی نے ممکنہ بڑی تباہی کو ٹال دیا اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US