وزیراعظم کی عام آدمی تک ہاؤس فنانس سہولت پہنچانے کے لیے اقدامات کی ہدایت

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کم آمدنی والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری بھی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام آدمی تک ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے کے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات جاری ہیں۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ ٹیکس نظام کو معیاری بنایا جا سکے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہاؤس مورٹگیج اصلاحات کے مسودے پر کام جاری ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔

حکام کے مطابق ہاؤس فنانس کے فروغ کے لیے ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور دیگر ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US