علما اتحاد کو فروغ دیں اور انتہا پسندی کے خلاف کردار ادا کریں، فیلڈ مارشل

image

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس، سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع مکتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی میں علما کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے اس موقع پر اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گمراہ کن معلومات، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے میں علما کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے آپریشن غضب للحق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف جہاں بھی ہوں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

آرمی چیف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ علما کو چاہیے کہ وہ اتحاد کو فروغ دیں اور انتہا پسندی کے خلاف کردار ادا کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور کسی دوسرے ملک کے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ملاقات میں شریک علما نے امن و استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور ملک میں امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US