آصف علی زرداری نے اہم قانون سازی، تقرریوں اور اعزازات سے متعلق متعدد اقدامات کی منظوری دے دی۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے مختلف ترمیمی بلز کی منظوری دی ہے جن میں پاکستان شہریت (ترمیمی) بل 2026، اخباری ملازمین (شرائطِ ملازمت) (ترمیمی) بل 2026، زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2026، نیشنل آرکائیوز (ترمیمی) بل 2026، پاکستان نام و علامات (روک تھام و غیر مجاز استعمال) (ترمیمی) بل 2026، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد بل 2026 شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدرِ مملکت نے بلوچستان کوٹہ کے تحت اعزاز اسلم ڈار کی بطور رکن فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری کی بھی منظوری دی۔
مزید برآں، صدرِ مملکت نے پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی ہے۔
صدرِ مملکت نے عید الفطر اور یومِ پاکستان 2026 کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کی بھی منظوری دے دی ہے۔