وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کے مطابق سویڈن میں CASA-1000 منصوبہ کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں پاکستان نے اہم اقتصادی کامیابی حاصل کرلی۔
حکام کے مطابق کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کو 27 ملین ڈالر سے زائد کی نمایاں بچت حاصل ہوئی ہے۔ کنٹریکٹر کی جانب سے پیش کی گئی مالی لاگت میں کمی لاتے ہوئے کیئر اینڈ کسٹڈی اخراجات کو سال 2028 تک تقریباً 9 ملین ڈالر تک محدود کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل صرف پاکستان کے لیے یہ لاگت تقریباً 32.9 ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم نئے معاہدے کے تحت 9 ملین ڈالر کی یہ لاگت پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔
سویڈن میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کے مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا گیا، جبکہ اہم تنصیبات کی حفاظت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
حکام کے مطابق CASA-1000 منصوبہ افغانستان کی صورتحال کے باعث تاخیر کا شکار رہا، تاہم اب ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (HVDC) نظام کی تکمیل ستمبر 2027 تک متوقع ہے۔
مزید برآں، اہم تنصیبات کی عبوری حفاظت اور فعالیت برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر فروری 2028 کے بعد محدود مدت کے لیے توسیع کی بھی منظوری دی جا سکتی ہے۔