آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کی ہدایات پر زائد کرائے اور اوورلوڈنگ کے خلاف 15 مارچ سے جاری خصوصی مہم کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مسافروں سے اضافی کرائے کی مد میں وصول کی گئی 53 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس دلوا دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اوورلوڈنگ، اوور چارجنگ اور نامکمل سفری دستاویزات پر اب تک 21 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہری اپنی شکایات براہ راست موٹروے پولیس افسران، ہیلپ لائن 130 یا سوشل میڈیا ہینڈل @NHMP پر درج کرا سکتے ہیں۔
ادھر کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر 12 مارچ سے نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں، جس کے تحت اب تک 32 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے افسران ملک بھر کے ٹول پلازوں پر نئی حدِ رفتار اور روڈ سیفٹی سے متعلق عوام کو آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔