پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات پر اتفاق

image

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے چیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر کی ملاقات، ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل فنانس، مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشی سرگرمیوں میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور کاروباری ماڈلز میں تیز رفتار تبدیلیوں کے ساتھ موجودہ قوانین اور ضوابط میں بھی بہتری لانا ضروری ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک لین دین کو تسلیم کرنے اور تجارت و مالیاتی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل طریقہ کار کے وسیع تر استعمال کے لیے سازگار فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے، صارفین کی رجسٹریشن اور اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانے، ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مضبوط کرنے اور مالیاتی ڈیٹا کے باہمی انضمام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے بینکنگ اور کیپیٹل مارکیٹ کے نظام میں زیادہ مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آسان اکاؤنٹ اوپننگ کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع تک عوام کی رسائی اور کیپیٹل مارکیٹ میں شرکت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران حکومتی اداروں کے درمیان ڈیٹا کے بہتر استعمال اور باہمی ربط کے امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مربوط ڈیٹا پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

فریقین نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور عوامی و مالیاتی خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل اقدامات عملی، قابلِ توسیع اور ملک کے وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے اہداف سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔

ملاقات میں ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر سرمایہ کاری کے اثاثوں میں ممکنہ استعمال شامل ہے۔ اس سلسلے میں ذمہ دارانہ انداز میں نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے مناسب قانونی و انتظامی فریم ورک کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے عملی اور مؤثر منصوبوں پر توجہ دی جائے جو معاشی کارکردگی بہتر بنانے، مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور ملک کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل اقدامات کو آگے بڑھانے، کارکردگی میں بہتری اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی مسلسل ترقی کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US