صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ خطے میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا ضامن ہے۔
صدر زرداری نے عالمی یومِ آب کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال کا موضوع "پانی اور صنف" ہے جو عوام میں پانی کے تحفظ اور خواتین کی رسائی کے مسائل کی جانب توجہ دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں عوام غیر محفوظ آبی ذرائع پر انحصار کرتے ہیں جبکہ صاف پانی اور نکاسیِ آب تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے۔ صدرِ مملکت نے پانی کی محفوظ فراہمی کو قومی ترجیح قرار دیا اور کہا کہ آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر بھارت سے مکمل عمل درآمد بحال کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تاکہ خطے میں پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔