صدر آصف علی زرداری سے وفاقی وزراء کی اہم ملاقات، امن و امان اور معاشی صورتحال پر غور

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے نوڈیرو میں وفاقی وزراء کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیکیورٹی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک شریک ہوئے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال، مجموعی معاشی حالات، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سرحدی سلامتی اور پاک افغان سرحد پر کشیدگی سے متعلق بریفنگ دی جبکہ علاقائی سکیورٹی چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US