پاکستان کا یوکرین میں فوری جنگ بندی اور مذاکرات پر زور

image

پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی اور بامقصد مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار امن صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین سے متعلق بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اس تنازع نے انسانی، معاشی اور علاقائی سطح پر شدید اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کے تحفظ، انسانی وقار کے احترام اور پرامن حل کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سفارت کاری کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صرف مذاکرات کے ذریعے ہی منصفانہ اور دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2022 میں مذاکرات کی سہولت کاری میں کردار ادا کیا اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2774 کے تحت امن کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو سنجیدہ سیاسی عزم، باہمی اعتماد اور تعمیری انداز اپناتے ہوئے فوری جنگ بندی سے آغاز کرنا چاہیے۔

اپنے اختتامی کلمات میں عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے چارٹر سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تحمل، مکالمے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے تنازعات کے حل کو یقینی بنائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US