وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں فوجی حکام، وفاقی وزراء اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی سفارتی کوششوں کا جائزہ لینا اور ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کی تیاری کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصر، ترکی اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ ممکنہ مذاکرات کی صورت میں تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جائیں۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اس کردار کی تعریف خوش آئند ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم آج رات صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے تاکہ علاقائی صورتحال اور پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار پر مزید تبادلہ خیال کیا جا سکے۔