وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ عالمی تیل و گیس مارکیٹ میں بدلتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق عید تعطیلات کے بعد وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرول قیمتوں کی نگرانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی سپلائی اور عالمی مارکیٹ کے رجحانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جبکہ درآمدی انتظامات اور مقامی پیداوار کے باعث سپلائی چین مستحکم ہے۔ درآمدی ٹرمینلز سے لے کر ریفائنریز، ذخیرہ گاہوں اور پمپوں تک ترسیل کا نظام معمول کے مطابق چل رہا ہے۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کی کھیپوں کا بڑا حصہ پہلے ہی محفوظ بنایا جا چکا ہے جبکہ مزید شپمنٹس بھی منصوبہ بندی میں شامل ہیں، تاکہ سپلائی میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔
اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس کے مقامی قیمتوں پر ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا۔ حکومت قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے عالمی حالات، ذخائر اور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں تاکہ بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا سردار اویس احمد خان لغاری، رانا تنویر حسین، محمد جنید انور چوہدری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔