خیبر پختونخوا: ادویہ خریداری میں 1.3 ارب روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

image

خیبرپختونخوا محکمہ صحت نے ادویہ کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں پر صوبے کے 24 سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق اسپتالوں میں 1 ارب 30 کروڑ روپے مالیت کی ادویہ کی خریداری کے دوران مالیاتی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں، جن پر متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ متعدد اسپتالوں میں ادویہ کی خریداری مقررہ طریقہ کار کے برخلاف کی گئی، جبکہ بعض مقامات پر ڈرگ ٹیسٹنگ کلیئرنس کے بغیر ہی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔

محکمہ صحت کے مطابق کئی اسپتالوں میں ادویہ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر خریدی گئیں اور لوکل پروکیورمنٹ رولز کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 80 فیصد بجٹ منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق خرچ نہیں کیا گیا، جبکہ بعض اسپتالوں میں گزشتہ مالی سال کے بقایاجات موجودہ سال کے بجٹ سے ادا کیے گئے۔

حکام کے مطابق کئی اسپتالوں میں ادویہ کا بجٹ وقت سے پہلے ختم ہوگیا، جس پر محکمہ صحت نے ذمہ دار افسران سے فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مالیاتی ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ صحت نے تمام متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحریری جواب جمع کرائیں، تاکہ ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US