کراچی: گلشن حدید میں پانی کی لائن میں بچی ڈوب گئی، سرچ آپریشن جاری

image

کراچی کے علاقے گلشن حدید سومار گوٹھ کے قریب کیٹی بندر سے کراچی آنے والی 72 انچ کی پانی کی لائن میں 12 سالہ بچی صنم دختر نظیر ڈوب گئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بچی پانی بھرنے کے دوران پھسل کر تیز بہاؤ والے واٹر چینل میں گر گئی۔ یہ لائن سیوریج نہیں بلکہ کینجھر جھیل سے کراچی آنے والی صاف پانی کی سپلائی لائن ہے۔

ریسکیو حکام کو گزشتہ شام 7 بجے اطلاع موصول ہوئی جس پر واٹر ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر روانہ کی گئی۔ آپریشن دیر رات تک جاری رہا لیکن اندھیرے کے باعث نائٹ آپریشن معطل کرنا پڑا۔ آج صبح دوبارہ سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق پانی کی گہرائی 25 سے 30 فٹ اور پریشر انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹیمیں واٹر ریسکیو اور اسکوبا کے ذریعے فلٹریشن پلانٹ کی جانب سرچ کر رہی ہیں جبکہ لائن کے اندر کنٹینر کے ذریعے ممکنہ رکاوٹ یا جسم کی موجودگی کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تیز بہاؤ کے باعث خدشہ ہے کہ بچی پانی کے ساتھ کئی کلومیٹر دور بہہ گئی ہو۔ اب تک بچی کی لاش نہیں ملی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US