ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو کریم آباد انڈر پاس سے متعلق خوشخبری سنادی۔
ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی کے مطابق کریم آباد انڈرپاس کا ترقیاتی کام دن رات کام جاری جو 15 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس 10 اپریل کو ٹریفک کے لیے کھل جائے گا۔
کے ڈی اے حکام نے بتایا کہ کریم آباد انڈر پاس کی لمبائی 1.1 کلومیٹر ہے، انڈر پاس کا تعمیراتی کام دسمبر 2023 میں شروع ہوا تھا، انڈر پاس کو ایک سال کی مدت میں مکمل ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کی ابتدائی لاگت تقریباً ایک ارب 35 کروڑ روپے تھی تاہم بروقت مکمل نہ کیے جانے کی وجہ سے انڈر پاس پر تعمیرات کی لاگت تقریباً 3 ارب 83 کروڑ روپے ہوگئی۔