حکومت کا کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل جاری رکھنے کا فیصلہ

image

حکومت نے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزارتوں اور صوبوں میں پہلے سے منظور شدہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ بھی اجلاس میں لیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور جاری ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ مالی نظم و ضبط ہر سطح پر برقرار رکھا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزرائے خزانہ، پیٹرولیم، آئی ٹی، اقتصادی امور اور اطلاعات نے شرکت کی جبکہ ایس اے پی ایم طارق باجوہ، آئی ٹی اور پیٹرولیم کے وفاقی سیکریٹریز، صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US