کم لاگت رہائشی منصوبے: آسان قرضوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کا اعلان

image

حکومت نے کم لاگت گھروں اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اہم جائزہ اجلاس میں کیا گیا جس میں رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور تعمیراتی شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیت موجود ہے اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی تعمیرات اور رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری محفوظ اور اعتماد کے ساتھ کی جائے تاکہ وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور لاکھوں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں تعمیرات و رہائشی شعبے پر قائم ٹاسک فورس اور متعلقہ ورکنگ گروپس کی بریفنگ دی گئی جس میں موجودہ اقدامات پر عملدرآمد، قانونی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تیار کی جانے والی حکمت عملی شامل تھی۔

کم لاگت گھروں کے لیے قرضہ اسکیم پر بھی کام تیز ہے اور بینکوں کو باقاعدہ اہداف دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رہائشی شعبے کے لیے مارگیج فنانس اور ڈویلپر-لیڈ فنانسنگ کا جامع نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US