وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت منتخب ایک لاکھ 20 ہزار عازمین کے ویزوں کے اجرا کے فوری بعد حج پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے مقررہ تمام ڈیڈ لائنز کو عبور کرنے کے بعد پاکستان سے حج آپریشن 18 اپریل سے شروع ہوگا اور 21 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
وزارت کے مطابق حج انتظامات میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی ہے جس کے تحت بائیو میٹرک مکمل ہونے کے فوراً بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکتب کی الاٹمنٹ اور ٹرانسپورٹیشن جیسے تمام مراحل حتمی شکل دے دی گئی ہیں۔
شیڈول کے مطابق پاکستان سے 468 پروازیں عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔ حج آپریشن کے پہلے دن کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی، جن کے ذریعے چار پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوں گی جبکہ جدہ کے لیے پروازیں چار مئی سے شروع ہوں گی۔
سرکاری اسکیم کے تحت مرد عازمین کی تعداد 67,230 اور خواتین عازمین کی تعداد 51,846 ہے۔ مجموعی طور پر پہلی 15 دنوں میں مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔
پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ پروازیں شامل ہیں۔ حج آپریشن میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لے رہی ہیں۔
وزارت نے عازمین کے لیے "پاک حج 2026" موبائل ایپ جاری کی ہے جو پروازوں کی تازہ ترین صورتحال، روانگی کے اوقات اور مکہ و مدینہ میں رہائش گاہوں کی معلومات فراہم کرے گی۔ تمام تفصیلات وزارت کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
وفاقی وزارت نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے سفر کی تیاریوں میں مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی تبدیلی سے بروقت آگاہ ہو سکیں۔ حکومت نے عازمین کو سعودی عرب میں بہترین سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔