کراچی میں ادویات کی سب سے بڑی مارکیٹ سیل کر دی گئی۔
کراچی میں ملک کی سب سے بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کو سیل اور بعدازاں دکانداروں کے حلف نامے جمع کرانے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔
ضروری قواعد و ضوابط کی پاسداری کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بھنگوار نے کارروائی کرتے ہوئے جمعرات کے روز میڈیسن مارکیٹ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ہول سیل مارکیٹ کی بندش سے شہر کے ریٹیل میڈیکل اسٹورز پر ادویہ کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
میڈیسن مارکیٹ کے دکانداروں نے کارروائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے مارکیٹ سیل کرنے سے پہلے کوئی پیشگی نوٹس جاری نہیں کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے پہلے ہی مارکیٹ بند تھی اور اسٹاک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آج کا دن انتہائی اہم تھا، مگر اچانک بندش نے مریضوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا۔
معاملے کی سنگینی دیکھتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے فوری مداخلت کی اور دکانداروں سے ضروری قواعد و ضوابط کی پاسداری کے حوالے سے حلف نامے لینے کے بعد مارکیٹ کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔