وزیر اعظم کی ایک روزہ دورے پر کراچی آمد، شیری رحمان سے تعزیت

image

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

وزیراعظم کراچی میں اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کراچی میں سینیٹر شیری رحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کی بیٹی ماروی ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سینیٹر شیری رحمان اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ جواں عمر اولاد کے بچھڑنے کا غم والدین کے لیے ناقابلِ برداشت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اولاد سے بچھڑنے کے غم کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و ہمت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف فریال تالپور کے گھر پہنچ گئے، فریال تالپور کے گھر موجود ضیاء لنجار، سہیل انور سیال، اعجاز جھکرانی، منور تالپور و دیگر نے موجود وزیراعظم کا استقبال کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US