وفاقی حکومت نے توانائی کے بحران کے دوران کم آمدن والے افراد کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول سبسڈی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی نے اس مقصد کے لیے ایپ تیار کر لی ہے جو فی الحال ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے۔
ذرائع کے مطابق سبسڈی کا دائرہ ابتدائی طور پر ٹو تھری ویلرز (موٹر سائیکل اور رکشہ) مالکان تک محدود ہوگا جبکہ دیگر صارفین پر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا اثر براہِ راست منتقل کیا جائے گا۔ موٹر سائیکل مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول کا کوٹہ تجویز کیا گیا ہے تاہم 800 سی سی گاڑیوں والے صارفین کے لیے ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پیٹرول سبسڈی کے نفاذ کے لیے ملک بھر کے 12 ہزار پیٹرول پمپس پر خصوصی نوزلز مختص کیے جائیں گے اور ہر پمپ پر دو موبائل فونز فراہم کیے جائیں گے تاکہ ایپ کے ذریعے سبسڈی کا عمل مؤثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد ایپ عوام کے لیے جاری کی جائے گی جس سے کم آمدن والے افراد کو ریلیف ملے گا اور پیٹرول کی خریداری آسان ہو جائے گی۔