پاکستان اور خطے کے امن کے خلاف بھارت اور افغانستان کی مبینہ منظم سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت اور سفارتی کردار سے خائف عناصر نے ملک کو متنازع بنانے کے لیے اسٹریٹجک ڈس انفارمیشن مہم چلائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے افغانستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا آپریشن شروع کیا، جس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی امن کوششوں کو سبوتاژ کرنا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے نام پر پاکستان مخالف بیانیہ تیار کیا گیا اور جعلی ایرانی شناختوں کے ذریعے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلایا گیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آئی این این ایران نیوز اور ایران ٹی وی جیسے گھوسٹ اکاؤنٹس کے ذریعے جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلائی گئی جبکہ پاکستان پر امریکا کے لیے تیل کی ترسیل جیسے بے بنیاد الزامات لگا کر مصنوعی ردعمل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس، جو ایرانی شناخت کے حامل دکھائے گئے دراصل بھارت اور افغانستان سے کنٹرول کیے جا رہے تھے، اور افغان نیٹ ورک کو پرولیفریٹرز کے طور پر استعمال کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کے خلاف مصنوعی ایرانی ردعمل افغان اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلایا گیا جبکہ بیانیہ سازی اور اسٹریٹجک ڈائریکشن بھارتی اکاؤنٹس کے ذریعے کی جاتی رہی۔ رپورٹ میں ٹائمز آف ایران نیوز کو اس مہم کا مرکزی پروپیگنڈا حب قرار دیا گیا، جو مبینہ طور پر بھارت سے آپریٹ ہو رہا تھا اور عالمی سطح پر جھوٹا اور گمراہ کن مواد پھیلاتا رہا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس مہم کا اصل مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر متنازع بنانا، اس کے امن کردار کو نقصان پہنچانا اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔