وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کا رابطہ، امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال

image

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک ہفتے کے دوران دوسرا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، خصوصاً شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکا، خلیجی اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور امید ہے کہ مشترکہ کاوشوں سے کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسرائیلی اقدامات پر ایران کا مؤقف بیان کیا اور مذاکرات و ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US