تیل کی بڑھتی قیمتوں پر حکومت کا بڑا فیصلہ، ٹارگٹڈ سبسڈی نظام لانے کا اعلان

image

بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کے پیشِ نظر حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ریلیف صرف مستحق اور ضرورت مند طبقات کو فراہم کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ملکی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں ڈیٹا پر مبنی فیصلوں، شفافیت اور وفاق و صوبوں کے درمیان بہتر تعاون پر زور دیا گیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق پالیسی فیصلے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم ہے اور وافر ذخائر موجود ہیں، جس کے باعث کسی فوری قلت کا خدشہ نہیں۔

صوبائی نمائندوں نے پیٹرول کی بچت کے لیے طرزِ زندگی میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ خیبرپختونخوا کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں تیل سپلائی مینجمنٹ دیگر علاقوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ حکومت کے پاس مالی گنجائش محدود ہے، اس لیے موجودہ حالات میں محتاط اور متوازن فیصلوں کی ضرورت ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ ٹارگٹڈ سبسڈی سسٹم کا مقصد یہ ہے کہ ریلیف براہِ راست مستحق افراد تک پہنچایا جائے تاکہ مالی دباؤ کم رکھتے ہوئے عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US