صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار کے حوالے سے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری قیادت اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ خلیجی ممالک پر حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کو چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ اس کے علاوہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر، ترسیل کی صورتحال، کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد اور دیگر معاشی امور پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں موٹر سائیکل اور رکشا ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق اہم فیصلوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔