پاکستان میں وافر پیٹرولیم ذخائر، کمزور طبقے کو مزید ریلیف دیں گے، وزیراعظم

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں خلیجی بحران کے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر ممکنہ اثرات، ملک میں موجودہ ایندھن ذخائر اور عوامی ریلیف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حکومت کی ایندھن بچت مہم، سادگی پالیسی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومتی اخراجات میں کمی سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اخراجات کم کیے گئے، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کیا گیا تاکہ بچت کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا اور بچت کے اقدامات سے حاصل ہونے والی رقم کو عوامی ریلیف کیلیے بروئے کار لایا گیا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عوامی ریلیف کے اقدامات کو براہِ راست عام آدمی تک پہنچایا جائے گا تاکہ امدادی اور سبسڈی اقدامات میں شفافیت اور مؤثریت یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موٹرسائیکل اور رکشہ رکھنے والے افراد کی ملکیتی رجسٹریشن جلد مکمل کرنے کیلیے روابط کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ ریلیف اسکیم سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی سطح پر بحران کے باوجود بروقت حکومتی فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کیلیے بھی انتظامات جاری ہیں۔

حکام نے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ اشرافیہ کی بڑی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے کے باوجود جیٹ فیول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اجلاس کو وزیراعظم کی ایندھن بچت اور سادگی مہم پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی بچت مہم کے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ادویہ کا وافر ذخیرہ بھی موجود ہے اور سپلائی کی صورتحال قابو میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلیے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور حکومت علاقائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار وفاقی وزراءخواجہ محمد آصف،احسن اقبال، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی، ارکان قومی اسمبلی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US