حکومت کا آئندہ ماہ ملک گیر انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان

image

حکومت نے ملک بھر میں رواں سال کی دوسری بڑی قومی انسدادِ پولیو مہم آئندہ ماہ 13 اپریل سے 19 اپریل تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی تاکہ خطے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ آخری دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی موجود ہے۔

پاکستان کے 169 اور افغانستان کے 382 اضلاع میں ایک ہی مرحلے میں یہ مہم مکمل کی جائے گی جس کے تحت پاکستان میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 53 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں 2 کروڑ 34 لاکھ، سندھ میں 1 کروڑ 5 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 73 لاکھ اور بلوچستان میں 26 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ساڑھے 4 لاکھ، آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 10 ہزار اور گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 80 ہزار بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

مہم کے لیے 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے جن میں 3 لاکھ 43 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں، 10 ہزار سے زائد فکسڈ ٹیم ممبرز اور 12 ہزار سے زائد ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ ملک کے بیشتر حصوں میں یہ مہم 3 روزہ ہوگی جبکہ حساس علاقوں میں 5 روزہ مہم چلائی جائے گی، جہاں خصوصی موبائل ٹیمیں اور کمیونٹی بیسڈ ویکسینیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔

پاک افغان بارڈر پر پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ کراسنگ پوائنٹس پر فکسڈ اور موبائل ٹیمیں تعینات ہوں گی جو سرحد پار کرنے والے 5 سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ ماضی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

مہم کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دیے جائیں گے تاکہ ان کی قوتِ مدافعت مزید مضبوط ہو۔

واضح رہے کہ سال 2025 میں پاکستان میں 31 اور افغانستان میں 9 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث دونوں ممالک پر مشروط عالمی سفری پابندیاں بھی عائد ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US